پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عامر نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک اور تاریخی اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔ 33 سالہ عامر نے کیریبین پریمیئر لیگ 2025 کے ایک میچ میں فابین ایلن کو آؤٹ کرکے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 400 وکٹیں مکمل کر لیں۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ اس مختصر ترین فارمیٹ میں دنیا کے کامیاب ترین باؤلرز میں شامل ہوگئے ہیں۔
محمد عامر اب تک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 343 میچ کھیل چکے ہیں، جن میں ان کی باؤلنگ اوسط 22.54 اور اکانومی ریٹ 7.33 ہے۔ یہ اعداد و شمار اس بات کا ثبوت ہیں کہ عامر نے نہ صرف وکٹیں حاصل کی ہیں بلکہ دباؤ کے لمحات میں بھی اپنی باؤلنگ سے ٹیم کو سہارا دیا ہے۔
یاد رہے کہ محمد عامر نے 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے دوبارہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا، تاہم دنیا بھر کی مختلف لیگز میں وہ اب بھی شاندار کارکردگی دکھا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں وہاب ریاض یہ سنگ میل عبور کر چکے ہیں اور اب محمد عامر اس فہرست میں شامل ہونے والے دوسرے پاکستانی باؤلر بن گئے ہیں۔