کراچی میں جشن عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر شہریوں کے تحفظ اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ شہر میں گیارہ اور بارہ ربیع الاول کو ڈمپرز اور دیگر ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ ان ایام میں مختلف سڑکوں اور لنک روڈز پر مذہبی جلسے، ریلیاں اور جلوس منعقد کیے جائیں گے، اس لیے عوام کی سہولت اور سیکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈمپرز کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ٹریفک پولیس پیر محمد شاہ نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ اس نوٹیفکیشن کے تحت 11 اور 12 ربیع الاول کو ڈمپرز سمیت ہیوی ٹریفک کے شہر میں داخلے پر سخت پابندی ہوگی۔ اس فیصلے کے بارے میں تمام ڈمپر مالکان اور متعلقہ اداروں کو آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی سے بچا جا سکے۔
واضح رہے کہ بارہ ربیع الاول کا جشن اس سال 6 ستمبر بروز ہفتہ ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ ان ایام میں جلوسوں اور محافلِ میلاد کے انعقاد کے باعث سڑکوں پر شہریوں کا غیر معمولی رش متوقع ہے، لہٰذا ٹریفک پولیس نے پیشگی حفاظتی اقدامات کو لازمی قرار دیا ہے۔