راولپنڈی میں جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی تفتیش میں ایک اور بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، کیس کی ذمہ داری ایک بار پھر تبدیل کر دی گئی ہے۔ اس اہم مقدمے کی تفتیش اب انسپکٹر طارق گوندل کو سونپی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس سے قبل کیس کے تفتیشی افسر انسپکٹر ناظم شاہ اپنی مدتِ ملازمت پوری کرنے کے بعد ریٹائر ہوگئے، جبکہ اس سے پہلے پہلے تفتیشی افسر مرزا جاوید کو ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی ملنے کے بعد کیس سے الگ کر دیا گیا تھا۔
نئے نامزد تفتیشی افسر انسپکٹر طارق گوندل اس سے پہلے بھی 9 مئی کے دو اہم مقدمات کے تفتیشی افسر ہیں۔ ان مقدمات میں 9 مئی کو وارث خان میٹرو اسٹیشن پر حملے کا کیس شامل ہے، جبکہ دوسرا مقدمہ لیاقت باغ چوک میں توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی سے متعلق ہے۔
انسپکٹر طارق گوندل کو یہ نئی ذمہ داری ایسے وقت میں دی گئی ہے جب کیس میں کئی پیچیدگیاں سامنے آچکی ہیں اور بار بار تفتیشی افسران کی تبدیلی کیس کی حساسیت کو مزید اجاگر کرتی ہے۔