کراچی: شہر قائد ایک بار پھر خوفناک آتشزدگی کا شکار ہوا جب نیو کراچی سیکٹر 8 اے میں واقع تین منزلہ گارمنٹس فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ صبح تقریباً چھ بجے شروع ہونے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی اور آگ بجھانے کے دوران پوری عمارت زمین بوس ہوگئی۔ عمارت کے ملبے تلے دب کر چار افراد زخمی ہوئے جن میں ریسکیو اہلکار بھی شامل ہیں جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ فیکٹری کے گراؤنڈ فلور پر لگی جس نے کچھ ہی دیر میں پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں موقع پر پہنچیں، تاہم آگ کی شدت کے باعث مزید امدادی گاڑیاں طلب کی گئیں۔ ترجمان فائر بریگیڈ کے مطابق آگ انتہائی شدید نوعیت کی تھی جس پر قابو پانے کے لیے پانی اور فوم کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے بتایا کہ امدادی کارروائی میں کے ایم سی کی آٹھ فائر ٹینڈرز، دو باؤزر، ایک اسنارکل جبکہ ریسکیو 1122 کے پانچ فائر ٹرک اور ایک ایمبولینس شریک ہیں۔ ان کے مطابق مقصد یہ ہے کہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکا جائے تاکہ قریبی فیکٹریاں اور رہائشی علاقے متاثر نہ ہوں۔
ترجمان ریسکیو 1122 نے کہا کہ آگ بجھانے کی کوشش کے دوران اچانک عمارت زمین بوس ہوگئی، تاہم زخمی اہلکاروں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ خوش قسمتی سے ملبے تلے مزید کسی فرد کے دبے ہونے کی اطلاع نہیں ملی، پھر بھی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے تاکہ کوئی خطرہ باقی نہ رہے۔
آگ نے متاثرہ فیکٹری سے متصل مزید دو فیکٹریوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ اس وقت 11 فائر ٹینڈرز اور ایک اسنارکل کی مدد سے آگ بجھانے کا عمل جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔
یہ واقعہ ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں دوسرا بڑا سانحہ ہے۔ اس سے قبل 7 اگست کو لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں آتشزدگی کے نتیجے میں پانچ منزلہ فیکٹری زمین بوس ہوگئی تھی، جس میں سات افراد زخمی اور چار فیکٹریاں متاثر ہوئی تھیں۔