اسلام آباد: اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے اعلان کیا ہے کہ جمعہ کے روز سے حکومت کے خلاف باقاعدہ احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے دیگر اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ کہا کہ حکومت کی جانب سے 27ویں آئینی ترمیم سمیت مختلف معاملات پر کیے گئے اقدامات ناقابلِ قبول ہیں، اسی لیے جمعہ سے ملک گیر احتجاج شروع کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن مذاکرات کے لیے پوری طرح تیار ہے، تاہم بات چیت اسی شرط پر آگے بڑھے گی کہ حکومت ہمارا مینڈیٹ واپس کرے اور عوامی فیصلے کا احترام کرے۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی نے گزشتہ روز 27ویں آئینی ترمیم کا بل دو تہائی اکثریت سے منظور کیا تھا، جبکہ ترمیم کا نیا متن آج سینیٹ میں منظوری کے لیے بھیجا جائے گا۔