چاغی ضلع کے قصبے نوکنڈی میں فرنٹیئر کور کے ہیڈکوارٹر پر ہونے والے حملے سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں، جن کے مطابق اتوار کی شب اس حساس تنصیبات کو ایک خاتون خودکش حملہ آور نے نشانہ بنایا تھا۔
رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ یہ حملہ رات تقریباً 8 بج کر 40 منٹ پر ہوا، جب ایک خاتون نے ایف سی کے مرکزی ہیڈکوارٹر کے قریب پہنچ کر خودکش دھماکا کیا۔ حملے کا ہدف واضح طور پر پیراملٹری فورس کی اس اہم تنصیب کو بنایا گیا تھا۔
دریں اثنا کالعدم بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے حملہ آور کی ایک تصویر جاری کی، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حملہ کرنے والی خاتون کا نام زینت رفیق تھا۔ حکام کے مطابق حملے میں شامل دیگر عسکریت پسندوں نے بھی کمپاؤنڈ میں گھسنے کی کوشش کی۔
حکام نے بتایا کہ 3 حملہ آور اس وقت ہلاک ہو گئے جب وہ قلعہ نما ہیڈکوارٹر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، جبکہ دیگر حملہ آور کچھ دیر کے لیے کمپاؤنڈ کے اندر تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے تھے، جس کے بعد فورسز نے ان کے خلاف جوابی کارروائی کی۔
مزید بتایا گیا کہ پیراملٹری اہلکاروں نے رات کے دوران علاقے کو کلیئر کر لیا تھا، تاہم مقامی افراد کے مطابق پیر کی شام تک وقفے وقفے سے فائرنگ کی آوازیں سنائی دیتی رہیں، جس سے علاقے میں خوف و ہراس برقرار رہا۔