گڑھی خدا بخش: دخترِ مشرق اور سابق وزیر اعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر ملک بھر سے پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان اور جیالے بڑی تعداد میں گڑھی خدا بخش پہنچ رہے ہیں، جہاں مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔
برسی کے موقع پر خاتونِ اول آصفہ بھٹو نے فریال تالپور کے ہمراہ محترمہ بینظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، جبکہ ذوالفقار علی بھٹو، مرتضیٰ بھٹو اور شاہ نواز بھٹو کی قبروں پر بھی پھول رکھے گئے۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں اور کارکنان نے بھی محترمہ بینظیر بھٹو اور بھٹو خاندان کی دیگر شخصیات کی قبروں پر حاضری دی اور عقیدت کا اظہار کیا۔
دریں اثنا حکومت سندھ نے سابق وزیر اعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اسی طرح وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے بھی شہید بینظیر بھٹو کی برسی پر آج آزاد کشمیر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔