بھارتی کرکٹ بورڈ نے ریڈ بال کرکٹ میں حالیہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے گوتم گمبھیر کو ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ سے الگ کرنے کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے، جس سے بھارتی کرکٹ حلقوں میں قیاس آرائیاں تیز ہو گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گوتم گمبھیر سے ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ واپس لیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے اس ضمن میں وی وی ایس لکشمن سے ریڈ بال ٹیم کی کوچنگ سونپنے کے لیے ابتدائی بات چیت بھی شروع کر دی ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں مسلسل تسلی بخش نتائج سامنے نہ آنے کی وجہ سے کوچنگ اسٹاف میں تبدیلی پر غور کیا جا رہا ہے، اور اسی تناظر میں وی وی ایس لکشمن کو ریڈ بال کرکٹ کا ہیڈ کوچ مقرر کیے جانے کا امکان زیر بحث ہے۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے ان خبروں کو افواہیں قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گوتم گمبھیر کو کوچنگ سے ہٹانے کے حوالے سے بورڈ میں کوئی باضابطہ بات چیت نہیں ہوئی۔
راجیو شکلا کا کہنا تھا کہ کسی نئے کوچ کو لانے سے متعلق بھی کوئی فیصلہ زیر غور نہیں، اور ایسی غیر مصدقہ خبروں کو پھیلانے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ یہ محض قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں۔