اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری سے متعلق درپیش ایک بڑی رکاوٹ دور ہو گئی ہے، کیونکہ پاکستان تحریک انصاف نے سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی جانب سے دائر کی گئی عدالتی پٹیشن واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق 12 جنوری کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں نئے اپوزیشن لیڈر کی تقرری سے متعلق ایک اہم اور باضابطہ اعلان کریں گے، جس کا طویل عرصے سے انتظار کیا جا رہا تھا۔
اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی عدالتی کارروائی زیر سماعت ہونے کے باعث نئے اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا عمل مکمل نہیں کر سکتے تھے، کیونکہ معاملہ عدالت میں موجود ہونے کی وجہ سے آئینی اور قانونی رکاوٹ حائل تھی۔
قومی اسمبلی کا آئندہ اجلاس 12 جنوری سے شروع ہو رہا ہے، جبکہ قومی اسمبلی کے ایڈوائزر محمد مشتاق کا کہنا ہے کہ عدالتی محاذ ختم ہونے کے بعد اب نئے اپوزیشن لیڈر کی تقرری میں کسی قسم کی رکاوٹ باقی نہیں رہے گی۔
محمد مشتاق نے مزید بتایا کہ بنگلا دیش سے واپسی کے بعد آئندہ ہفتے اپوزیشن وفد کی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات متوقع ہے، جس کے دوران اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی قواعد و ضوابط کے تحت 12 جنوری کو ہونے والے اجلاس میں نئے اپوزیشن لیڈر کی تقرری سے متعلق ایوان میں اہم اعلان کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے یہ فیصلہ سامنے آیا تھا کہ سابق رکن قومی اسمبلی عمر ایوب کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے ہٹائے جانے کے خلاف دائر کیا گیا کیس واپس لے لیا جائے گا، جس کے بعد تقرری کے عمل کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔