وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں شیڈول بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر ملتوی کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی عمل مزید تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا ایک مختصر اجلاس منعقد ہوا، جس میں کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 3 دسمبر اور 30 دسمبر کو ہونے والے اجلاسوں کے فیصلوں کی باقاعدہ توثیق کی گئی۔
ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس کے دوران وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق نئی قانون سازی پر تفصیلی غور کیا گیا، جبکہ چیف کمشنر اسلام آباد نے وفاقی کابینہ کو بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جامع بریفنگ بھی دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف کمشنر اسلام آباد کی بریفنگ سننے کے بعد وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کو ایک مرتبہ پھر ملتوی کرنے کی منظوری دے دی، جس سے انتخابی شیڈول پر عملدرآمد ممکن نہ رہا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں پنجاب طرز کے بلدیاتی نظام سے متعلق قانون سازی کی بھی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد بلدیاتی ڈھانچے میں تبدیلی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے 15 فروری کی تاریخ مقرر کی گئی تھی، جبکہ نتائج 16 فروری سے 19 فروری کے دوران مرتب کیے جانے تھے، تاہم اب یہ عمل ایک بار پھر مؤخر کر دیا گیا ہے۔