لکی مروت کے علاقے ناورخیل موڑ کے قریب دہشت گردوں نے ایک نجی فیکٹری کی بس کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے، واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے نجی سیمنٹ فیکٹری کی بس پر آئی ای ڈی دھماکے کے ذریعے حملہ کیا، جس سے بس کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں سوار افراد زد میں آ گئے۔ دھماکے کے باعث ایک شخص موقع پر ہی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے ممکنہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے تاکہ حملے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔