راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت کو صرف گاڑی رکھنے والوں کو سہولتیں فراہم کرنے تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ ریڑھی اور چھابڑی لگانے والے محنت کشوں کو بھی جینے کا بنیادی حق دیا جانا چاہیے۔
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے موقع پر شیخ رشید اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ریڑھی اور چھابڑی لگانے والوں کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے، پیرا اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار ان کا سامان الٹ دیتے ہیں، حالانکہ یہی سامان ان کے گھروں کی روزی روٹی کا واحد ذریعہ ہوتا ہے۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وہ صرف اپیل ہی کر سکتے ہیں کہ ریڑھی اور چھابڑی لگانے والوں پر رحم کیا جائے، حکومت گاڑی رکھنے والوں کو ہی سہولتیں نہ دے بلکہ ان محنت کش افراد کو بھی جینے کا حق دیا جائے جو سڑک کنارے روزگار کما رہے ہیں۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے تاکہ عام آدمی کو کچھ ریلیف مل سکے۔