محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی میں شمال مشرق کی جانب سے سرد ہوائیں مسلسل چل رہی ہیں، جس کے باعث جمعرات سے شہر میں رات کے کم سے کم درجہ حرارت کے 10 سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر کے مطابق ہفتہ اور اتوار کے روز کراچی میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے، اور ان دنوں رات کے اوقات میں درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ تک گر سکتا ہے، جس سے سردی کا احساس نمایاں طور پر بڑھ جائے گا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان موجود ہے، تاہم آئندہ دس روز کے دوران کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 18 یا 19 جنوری کو مغربی ہواؤں کا ایک نظام بالائی علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے، تاہم اس مغربی سسٹم کے سندھ پر اثرات اور ممکنہ بارش سے متعلق حتمی پیشگوئی بعد میں کی جائے گی۔