میٹا نے دنیا کے مقبول ترین میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ میں سال 2026 کے ابتدائی نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے، جن کا مقصد گروپ چیٹس کے تجربے کو مزید مؤثر، منظم اور دلچسپ بنانا ہے۔
کمپنی کے مطابق واٹس ایپ میں گروپ چیٹس کے لیے تین نئے فیچرز شامل کیے گئے ہیں، جن میں ممبر ٹیگز، ٹیکسٹ اسٹیکرز اور ایونٹ ریمائنڈر شامل ہیں۔ میٹا کا کہنا ہے کہ نئے سال کے آغاز کے ساتھ گروپ چیٹس کو اپ گریڈ کرنا بہترین موقع ہے تاکہ صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ممبر ٹیگز کے فیچر کے ذریعے صارفین ہر چیٹ گروپ میں اپنے لیے الگ نک نیم یا ٹیگ رکھ سکیں گے، جس سے وہ اپنی شخصیت کا بہتر اظہار کر سکیں گے اور دیگر گروپ ممبران کو یہ بھی بتایا جا سکے گا کہ گروپ میں ان کا کردار یا ذمہ داری کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق ہر گروپ کے لیے مختلف ٹیگز استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
دوسرا نیا فیچر ٹیکسٹ اسٹیکرز سے متعلق ہے، جسے واٹس ایپ کا ایک منفرد اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس فیچر کے تحت صارفین کسی بھی لفظ کو اسٹیکر میں تبدیل کر سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے مطلوبہ لفظ اسٹیکر سرچ میں ٹائپ کرنا ہوگا، جبکہ ان اسٹیکرز کو باقاعدہ اسٹیکر پیکس میں شامل کرنا بھی ممکن ہوگا۔
تیسرا فیچر ایونٹ ریمائنڈر سے متعلق ہے، جس کے ذریعے واٹس ایپ میں کسٹم ایونٹ ریمائنڈر سپورٹ شامل کی گئی ہے۔ اب صارفین کسی بھی گروپ میں ایونٹ بنانے کے ساتھ اس کے لیے مخصوص ریمائنڈر بھی سیٹ کر سکیں گے، تاکہ گروپ ممبران کو بروقت یاد دہانی کروائی جا سکے۔
میٹا کے مطابق ان نئے فیچرز کا مرحلہ وار اجرا شروع کر دیا گیا ہے اور یہ فیچرز جلد ہی دنیا بھر کے تمام واٹس ایپ صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔