کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو سندھ میں تمام قانونی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، تاہم اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی شخص قانون کو ہاتھ میں نہ لے۔
اس حوالے سے ایک بیان میں وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ نے کہا کہ سندھ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو سیاسی سرگرمیوں کی اجازت حاصل ہے اور باغ جناح میں جلسے کے انعقاد کی اجازت بھی دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت آئینی اور قانونی دائرے میں رہتے ہوئے سیاسی سرگرمیوں کے حق پر یقین رکھتی ہے۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے واضح کیا کہ سہیل آفریدی کو آمد و رفت اور دیگر قانونی امور میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا، تاہم قانون کی خلاف ورزی کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی۔
ادھر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے سندھ حکومت کی جانب سے خیرمقدم اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔