خیبرپختونخوا: صوبے کے مختلف علاقوں میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی کی مشترکہ کارروائیوں کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ سینٹرل پولیس آفس کے مطابق یہ کارروائیاں بنوں، خیبر اور پشاور کے نواحی علاقے ظاہرگڑھی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں، جن کا مقصد دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں سمیت متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے مزاحمت کی گئی، تاہم پولیس اور سی ٹی ڈی نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے انہیں ہلاک کر دیا۔
پولیس کے مطابق شاہ کس بائی پاس روڈ سے ملحقہ ناکے کلے کے علاقے میں کارروائی کے دوران دہشت گردی کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنایا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے، جن کی مزید جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔