پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے واضح کیا ہے کہ پارٹی کے اندر کسی قسم کا کوئی فارورڈ بلاک موجود نہیں اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کے فیصلے کو نہ کوئی سیاسی قوت تبدیل کر سکتی ہے اور نہ ہی کسی ایپکس کمیٹی کو اس میں مداخلت کا اختیار حاصل ہے۔
قومی اسمبلی کے اسپیکر آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے منصب کے لیے محمود خان اچکزئی کے علاوہ کوئی دوسرا امیدوار موجود نہیں، کیونکہ کاغذاتِ نامزدگی صرف انہی کی جانب سے جمع کروائے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے ساتھ ہونے والی ملاقات خوشگوار اور مثبت ماحول میں ہوئی، جس دوران اپوزیشن لیڈر کے تقرر سے متعلق تمام اعتراضات دور کر دیے گئے ہیں اور جمع کرائے گئے کاغذات پر کسی قسم کا کوئی اعتراض باقی نہیں رہا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ دستخطوں کی تصدیق کا عمل کل تک مکمل ہو جائے گا، جس کے بعد جمعرات کو اپوزیشن لیڈر کے نام کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا، جبکہ جمعے کے روز ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس میں پی ٹی آئی کا اپنا اپوزیشن لیڈر ایوان میں موجود ہوگا۔
انہوں نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ اسپیکر آفس میں کسی قسم کے مذاکرات پر بات چیت ہوئی ہو، اور کہا کہ ملاقات کے دوران مذاکرات سے متعلق کوئی گفتگو نہیں کی گئی۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما اقبال آفریدی نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر گوہر کی قیادت میں پارٹی وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی، جو نہایت اچھے ماحول میں ہوئی اور اسپیکر کا رویہ مناسب اور سنجیدہ رہا۔
اقبال آفریدی نے بتایا کہ پارٹی کے تمام اراکین کے دستخط لے کر اپ ڈیٹڈ فہرست اسپیکر آفس میں جمع کرا دی گئی ہے، جبکہ ملاقات میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے کوئی بات زیر بحث نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر کو آگاہ کیا گیا کہ اپوزیشن کے ساتھ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے، جس پر اسپیکر نے یقین دہانی کرائی کہ جمع کرائی گئی فہرست کا جائزہ لیا جائے گا۔
ادھر پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر نے کہا کہ قومی اسمبلی کے قواعد کے مطابق تمام تقاضے پورے کرتے ہوئے اپ ڈیٹڈ لسٹ اسپیکر کو جمع کرا دی گئی ہے اور پارٹی کے اندر کسی قسم کی گروپ بندی موجود نہیں۔ ان کے مطابق محمود خان اچکزئی ہی اپوزیشن لیڈر کے امیدوار ہیں۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے نوٹیفکیشن کا اجرا اسپیکر کی صوابدید ہے، وہ جب چاہیں یہ نوٹیفکیشن جاری کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی اسپیکر رہ چکے ہیں اور پی ٹی آئی نے تمام آئینی اور پارلیمانی تقاضے پورے کر دیے ہیں، اس لیے مزید تاخیر کی کوئی وجہ نہیں ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی قیادت میں پارٹی وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے اپوزیشن لیڈر کے تقرر کے معاملے پر ملاقات کی تھی۔