روس کے دارالحکومت ماسکو میں جاری شدید سرد موسم کے باعث برفباری کے کئی دہائیوں پرانے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں، جہاں شہر ان دنوں غیر معمولی سردی اور مسلسل برفباری کی لپیٹ میں ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماسکو میں کئی فٹ برف جمع ہو چکی ہے، جس نے شہری زندگی کو شدید طور پر متاثر کر دیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق رواں ماہ ماسکو میں 146 سالہ موسمی تاریخ کی پانچویں شدید ترین برفباری ریکارڈ کی گئی، جو معمول سے کہیں زیادہ طاقتور ثابت ہوئی۔ ویک اینڈ کے دوران صورتحال پر قابو پانے کے لیے انتظامیہ کو ایک ملین کیوبک میٹر سے زائد برف ہٹانا پڑی تاکہ سڑکوں، شاہراہوں اور اہم گزرگاہوں کو جزوی طور پر بحال رکھا جا سکے۔
شدید برفباری اور یخ بستہ موسم کے باعث ماسکو میں ٹرانسپورٹ کا نظام شدید دباؤ کا شکار ہے، جہاں بسوں، ٹرینوں اور فضائی آمدورفت میں بھی تاخیر اور مشکلات دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کو روزمرہ معمولات زندگی، دفاتر، تعلیمی اداروں اور تجارتی سرگرمیوں میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آج ماسکو میں درجہ حرارت منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ موسمی ماہرین نے آئندہ دنوں میں مزید برفباری کے امکان کا اظہار بھی کیا ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔