پنجاب حکومت نے صوبے میں طویل عرصے سے ٹیکس ادا نہ کرنے والے افراد اور اداروں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کے لیے مؤثر اور سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد محصولات میں اضافہ اور ٹیکس نظام کو مزید شفاف بنانا ہے۔
اس حوالے سے چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا کی زیر صدارت فیلڈ آپریشنز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر میں ٹیکس وصولی، رجسٹریشن اور فیلڈ سرگرمیوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں واضح طور پر ہدایت دی گئی کہ پنجاب بھر میں سروسز فراہم کرنے والی تمام کمپنیوں کے لیے پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ساتھ رجسٹریشن لازمی ہوگی۔
اجلاس کے دوران یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ کمپنیاں نہ صرف ای آئی ایم ایس میں رجسٹریشن مکمل کریں گی بلکہ ٹیکس کی بروقت ادائیگی کو بھی ہر صورت یقینی بنائیں گی۔ اس موقع پر محصولات کے مجموعی اہداف اور ای آئی ایم ایس رجسٹریشن کے حوالے سے اب تک کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
چیئرمین پی آر اے نے مقررہ اہداف حاصل نہ کرنے پر سرگودھا اور بہاولپور ڈویژن کی کارکردگی پر سخت ناراضی کا اظہار کیا اور متعلقہ افسران کو واضح ہدایات دیں کہ فیلڈ سطح پر کارروائیاں تیز کی جائیں اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
مزید برآں، معظم اقبال سپرا نے کہا کہ فیلڈ ٹیموں کی صلاحیت اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے رواں ماہ ایک جامع ٹریننگ پروگرام کا آغاز کیا جائے گا، تاکہ افسران جدید ٹیکس نظام، ڈیجیٹل رجسٹریشن اور مؤثر نفاذ کے طریقہ کار سے مکمل طور پر آگاہ ہو سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مضبوط فیلڈ آپریشنز ہی صوبے میں ٹیکس نظام کو مؤثر اور منصفانہ بنا سکتے ہیں۔