بہاولپور کے علاقے خیرپور ٹامیوالی میں 16 سالہ لڑکی کی قبر سے لاش نکال کر اس کے ساتھ مبینہ بے حرمتی کے سنگین واقعے میں ملوث مبینہ ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ لڑکی کی تدفین اتوار کی شام عمل میں لائی گئی تھی، تاہم پیر کی صبح اہلِ علاقہ نے قبر کھلی ہوئی اور لاش غائب ہونے کی اطلاع دی، جس پر علاقے میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق لڑکی کی لاش قبر سے نکالنے کے بعد مبینہ طور پر اس کے ساتھ بے حرمتی کی گئی اور بعد ازاں لاش کو قریبی کھیتوں میں پھینک دیا گیا، جہاں سے اسے بعد میں برآمد کر لیا گیا۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث مرکزی ملزم کالا جادو کرنے میں ملوث تھا، تاہم مبینہ پولیس مقابلے کے دوران وہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر مارا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقابلے کے حوالے سے مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق لڑکی کے اہلِ خانہ اور علاقہ مکینوں سے تفصیلی تفتیش کی جا رہی ہے جبکہ یہ پہلو بھی زیرِ غور ہے کہ لڑکی کی موت کرنٹ لگنے سے ہوئی یا اسے قتل کیا گیا۔ اس حوالے سے تمام ممکنہ زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق فرانزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور تمام ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔