وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگانے سے متعلق دی گئی مہلت ختم ہونے کے قریب ہے، جس کے تحت شہریوں کے لیے آخری تاریخ کل 15 جنوری مقرر کی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کر دیا ہے کہ مقررہ ڈیڈ لائن کے بعد بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے شہریوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کل تک ہر صورت اپنی گاڑی پر ایم ٹیگ لگوا لیں تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام شہر میں ٹریفک نظم و ضبط اور سیکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک اسلام آباد میں قائم 16 ایم ٹیگ مراکز کے ذریعے ڈیڑھ لاکھ سے زائد گاڑیوں کو ٹیگ جاری کیے جا چکے ہیں، جب کہ صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 965 گاڑیوں پر ایم ٹیگ نصب کیا گیا، جو شہریوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کا واضح ثبوت ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں شروع کر دی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے شہر کے 12 اہم داخلی راستوں اور ناکہ جات پر جدید ریڈرز نصب کر دیے گئے ہیں، جو بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کی فوری نشاندہی کریں گے۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آخری دن کا انتظار کیے بغیر بروقت ایم ٹیگ حاصل کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی یا جرمانے سے محفوظ رہ سکیں۔