شہرِ قائد کراچی میں شدید دھند کے باعث متاثر ہونے والا فضائی آپریشن چار گھنٹے کی بندش کے بعد بحال کر دیا گیا ہے، تاہم دھند کی وجہ سے ملکی و غیر ملکی پروازوں کے شیڈول میں نمایاں خلل دیکھنے میں آیا۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق دھند کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر مجموعی طور پر 36 پروازوں کی آمد و روانگی متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں متعدد مسافروں کو طویل انتظار اور سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کراچی سے استنبول اور مسقط جانے والی پروازیں تقریباً چار گھنٹے کی تاخیر کے بعد روانہ کی گئیں۔
اسی دوران جدہ سے آنے والی پرواز ایس وی 700 کو خراب موسمی صورتحال کے باعث تقریباً دو گھنٹے تک فضا میں چکر لگانا پڑا، جس کے بعد طیارے کو بحفاظت کراچی میں لینڈ کرایا گیا۔ علاوہ ازیں دوحہ اور جدہ سے کراچی آنے والی دو پروازوں کی بھی بعد ازاں روانگی ممکن بنائی گئی۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق کراچی سے اسلام آباد جانے والی پانچ پروازوں میں ایک سے تین گھنٹے تک تاخیر ریکارڈ کی گئی، جبکہ کراچی اور لاہور کے درمیان چلنے والی چھ پروازوں کی آمد و روانگی بھی ایک سے تین گھنٹے تاخیر کا شکار رہی۔ اس کے علاوہ کراچی سے جدہ اور لاہور جانے والی دو پروازیں مکمل طور پر منسوخ کر دی گئیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق موسم میں بہتری کے بعد فضائی آپریشن بحال کر دیا گیا ہے، تاہم مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ روانگی سے قبل اپنی پروازوں کے تازہ ترین شیڈول کی تصدیق ضرور کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچا جا سکے۔