وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پولیس افسران کو درپیش مالی مسائل کے حل کے لیے حکومت خصوصی اور عملی اقدامات کر رہی ہے، تاکہ ہر افسر کو بہتر تنخواہ اور مناسب سہولیات میسر آ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس فورس کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
محسن نقوی نے اسلام آباد میں نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اکیڈمی میں جاری تزئین و آرائش اور بہتری کے مختلف منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی محمد ادریس کو ترقیاتی کاموں سے متعلق ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے زیرِ تربیت اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (اے ایس پیز) سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پاسنگ آؤٹ کے موقع پر زیرِ تربیت اے ایس پیز کو پلاٹس دیے جائیں گے، تاکہ افسران کی فلاح و بہبود کو عملی شکل دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پولیس بیچ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت دی جائے گی۔
محسن نقوی نے مزید بتایا کہ زیرِ تربیت اے ایس پیز کو ایک ماہ کی خصوصی تربیت کے لیے بیجنگ بھیجا جائے گا، جہاں وہ جدید پولیسنگ، تفتیش اور نظم و نسق کے جدید طریقۂ کار سے آگاہی حاصل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اے ایس پیز کی تربیت میں جدید تقاضوں کے مطابق نئے تربیتی ماڈیولز شامل کیے جائیں گے، تاکہ افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عملی مہارت اور فیصلہ سازی کی صلاحیت میں اضافہ ہو سکے۔
وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے تعاون سے افسران کے لیے جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ پولیس افسران کو درپیش پروموشن سے متعلق مسائل کے حل کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔