حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی میں اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد عوام ممکنہ ریلیف سے محروم ہو گئے ہیں۔ حکومتی فیصلے کے تحت پیٹرول پر فی لیٹر لیوی میں 4 روپے 65 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول پر لیوی 79 روپے 62 پیسے سے بڑھا کر 84 روپے 27 پیسے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ڈیزل پر بھی فی لیٹر لیوی میں 80 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ڈیزل پر لیوی 75 روپے 41 پیسے سے بڑھا کر 76 روپے 21 پیسے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق اگر لیوی میں اضافہ نہ کیا جاتا تو پیٹرول کی قیمت میں ساڑھے چار روپے فی لیٹر تک کمی ممکن ہو سکتی تھی۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 31 جنوری تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 253 روپے 17 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 257 روپے 8 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی