کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ شاپنگ مال میں پیش آنے والے افسوسناک سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 26 ہو گئی ہے، جبکہ حکام نے 75 افراد کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کر دی ہے، جس کے بعد متاثرہ خاندانوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
ہفتے کی رات لگنے والی آگ پر بالآخر قابو پا لیا گیا ہے، تاہم ملبہ ہٹانے اور لاشیں نکالنے کا عمل تاحال جاری ہے۔ حکام کے مطابق لاپتہ افراد کی ابتدائی فہرست 83 افراد تک پہنچی تھی، تاہم جانچ پڑتال کے بعد 75 افراد کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اہلکار تقریباً 40 گھنٹوں بعد گل پلازہ کی عمارت میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے۔ پہلی منزل پر لاشوں کی تلاش کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ اب دوسری منزل پر زندہ یا مردہ افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مجموعی طور پر 20 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جن میں سے 18 کی شناخت مکمل ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو اور سرچ آپریشن بدستور جاری ہے، جبکہ آگ کے باعث عمارت کا تقریباً 40 فیصد حصہ منہدم ہو چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ماہرین نے معائنے کے بعد بتایا ہے کہ عمارت کے دیگر حصے بھی انتہائی کمزور ہو چکے ہیں، جس کے باعث مزید خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے تاجروں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں اور ریڈ زون سے دور رہیں تاکہ ریسکیو کارروائیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل 83 ناموں میں بعض افراد کے نام دو بار شامل ہو گئے تھے، جس کے بعد تصدیق کے عمل میں 75 افراد کے لاپتہ ہونے کی حتمی تعداد سامنے آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 39 افراد کی آخری لوکیشن گل پلازہ کے اندر کی نشاندہی ہوئی ہے۔