اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران سانحہ گل پلازہ پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شہلا رضا نے کہا ہے کہ ایک واقعے کو بنیاد بنا کر معاملات کو صوبوں، 18ویں ترمیم اور بنیادی تعلیم تک لے جانا انتہائی عجیب اور نامناسب ہے۔
شہلا رضا نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں آگ لگنے کے نتیجے میں 40 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، اسی طرح لاہور میں حفیظ سینٹر میں تین مرتبہ آگ لگنے کے واقعات پیش آئے، تاہم ان واقعات پر کسی قسم کی سیاست نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ آگ ہے اور ایسے واقعات ہو جایا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ حیران کن بات ہے کہ ایک واقعے کو جواز بنا کر صوبائی خودمختاری، 18ویں ترمیم اور بنیادی تعلیم جیسے اہم موضوعات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، حالانکہ ہر مسئلے کو اس کے تناظر میں دیکھنا چاہیے۔
شہلا رضا کا کہنا تھا کہ سندھ کی تاریخ ہزاروں سال پرانی ہے اور یہ وہ واحد صوبہ ہے جس نے ہمیشہ دل کھول کر مہاجرین کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ ایک قدیم تہذیب کا حامل خطہ ہے جسے قبل از مسیح دور سے دیکھا جانا چاہیے۔