برطانوی شہزادہ ہیری گزشتہ روز اخبار ڈیلی میل کے خلاف دائر کیے گئے مقدمے کی سماعت کے سلسلے میں لندن ہائیکورٹ میں پیش ہوئے، جہاں قانونی کارروائی کے تحت کیس کی سماعت کی گئی۔
شاہی محل کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق شہزادہ ہیری کی لندن ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد کنگ چارلس نے اسکاٹ لینڈ میں اپنی شاہی مصروفیات کے تحت ایک اہم ملاقات کی۔ بیان میں کہا گیا کہ عدالت میں پیشی کے بعد شاہی امور معمول کے مطابق جاری رہے۔
77 سالہ شاہ چارلس سوم نے گزشتہ روز اپنی سرکاری ذمہ داریوں کے دوران پیلس آف ہولیرُوڈ ہاؤس میں متعدد اہم ملاقاتیں کیں، جہاں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔
بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری کردہ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کنگ چارلس نے اسکاٹ لینڈ انویسٹمنٹ فورم میں شریک افراد کے اعزاز میں ایک استقبالیہ منعقد کیا، جس کا مقصد ملک کی کاروباری، تخلیقی اور سرمایہ کاری کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا تھا۔
شاہی محل نے شہزادہ ہیری کی برطانیہ آمد کے بعد اپنے پہلے باضابطہ بیان میں بتایا کہ پیلس آف ہولیرُوڈ ہاؤس میں منعقدہ تقریب کے دوران اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر جان سوِنی بھی کنگ چارلس کے ہمراہ موجود تھے۔
اس تقریب میں سرمایہ کاروں، کاروباری نمائندوں کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی، صحت اور مصنوعی ذہانت سمیت مختلف شعبوں کے رہنماؤں نے شرکت کی، جہاں مستقبل کی سرمایہ کاری اور ترقی کے امکانات پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر کنگ چارلس اور فرسٹ منسٹر نے روزبینک ڈسٹلری کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی، جسے مقامی سطح پر ایک نمایاں کاروباری کامیابی کی مثال قرار دیا جاتا ہے۔