وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گھروں کی توسیع کے لیے بلاسود قرضوں کے اجرا کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کے تحت مشترکہ خاندانی نظام میں رہنے والے افراد اب اپنے رہائشی گھروں کی توسیع کے لیے آسان شرائط پر قرض حاصل کر سکیں گے۔
مریم نواز کی زیر صدارت اپنی چھت اپنا گھر منصوبے سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں گھروں کی توسیع کے لیے بلاسود قرضوں کے اجرا کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اس اقدام کا مقصد بڑھتی ہوئی رہائشی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے شہریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
اجلاس کے دوران جون 2026ء تک ایک لاکھ 60 ہزار نئے گھروں کی تعمیر کا ہدف بھی مقرر کیا گیا، جبکہ اپنی زمین اپنا گھر منصوبے کے تحت ایک ہزار 531 پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی منظوری بھی دی گئی۔
حکام کو بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کے تحت اس وقت 53 ہزار 843 مکانات زیر تعمیر ہیں، جو اس منصوبے کی تیز رفتار پیش رفت کو ظاہر کرتا ہے۔
اس کے علاوہ اجلاس میں آگاہ کیا گیا کہ صوبے میں اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کے تحت اب تک 164 ارب 66 کروڑ روپے کے ریکارڈ بلاسود قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جس سے ہزاروں خاندانوں کو اپنے گھر بنانے میں مدد ملی ہے۔