سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ گل پلازا واقعے سے متعلق انکوائری رپورٹ کسی بھی وقت سامنے آ سکتی ہے، تاہم اگر یہ رپورٹ تسلی بخش نہ ہوئی تو سندھ حکومت فوری طور پر جوڈیشل انکوائری کرانے کا فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرے گی۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ انکوائری رپورٹ میں جس فرد یا ادارے کو بھی ذمہ دار قرار دیا گیا، اس کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت گل پلازا کو دوبارہ تعمیر کرنے جا رہی ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ وہاں اتنی ہی دکانیں تعمیر کی جائیں جتنی پہلے موجود تھیں۔ شرجیل میمن کے مطابق تعمیراتی عمل میں کم از کم دو سال کا عرصہ لگنے کا امکان ہے، جس کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ کراچی چیمبر حکومت کے ساتھ مل کر مارکیٹ ایسوسی ایشنز سے ایس او پیز کے حوالے سے مشاورت کر رہا ہے، اور جہاں حفاظتی ایس او پیز مکمل نہیں ہوں گے، وہاں متعلقہ مارکیٹوں کو بند کر دیا جائے گا تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ متاثرہ تاجروں کو قریبی پلازوں میں قائم دکانوں میں عارضی طور پر منتقل کیا جائے گا، جبکہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کی جانوں کا تحفظ اور متاثرہ تاجروں کی جلد بحالی کو یقینی بنانا ہے۔