خپاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ کل لاہور میں کھیلا جائے گا، جس کے لیے دونوں ٹیمیں تیاریاں مکمل کر چکی ہیں۔ اس میچ کے آغاز کے ساتھ ہی شائقینِ کرکٹ کو ایک سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملنے کی توقع ہے۔
آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ٹریوس ہیڈ کے آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کرنے کا امکان ہے، جبکہ باقاعدہ کپتان مچل مارش کو آرام دیے جانے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جوش انگلس بھی پہلے میچ میں حصہ نہیں لیں گے اور انہیں بھی آرام دیا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ مچل مارش اور جوش انگلس نے اتوار کے روز بگ بیش لیگ کا فائنل کھیلا تھا، جس کے باعث ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت انہیں ابتدائی میچ میں آرام دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب اس سیریز کے کمنٹری پینل میں سابق آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر سائمن کیٹچ شامل ہوں گے، جبکہ پاکستان کی جانب سے عامر سہیل، رمیز راجہ، باذید خان اور عروج ممتاز کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے۔ سیریز کی پریزنٹیشن زینب عباس کریں گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ بالترتیب 31 جنوری اور یکم فروری کو کھیلا جائے گا، جبکہ سیریز کے تمام میچز کا آغاز شام 4 بجے ہو گا۔