ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلی جنس نے پاکستان کے اہم معاشی اشاروں سے متعلق اپنی تازہ پیشگوئیاں جاری کر دی ہیں، جن کے مطابق سال 2026 میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح 5.1 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2027 کے دوران مہنگائی میں معمولی اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے نتیجے میں یہ شرح بڑھ کر 5.6 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 0.5 فیصد سے بڑھ کر 1.3 فیصد تک جا سکتا ہے، جو بیرونی کھاتوں پر دباؤ میں اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔ اسی طرح مالی سال 2026 کے دوران پاکستان کی حقیقی مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو 3.5 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جو معتدل معاشی بہتری کی علامت سمجھی جا رہی ہے۔
مشیر وزارت خزانہ خرم شہزاد نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ایس اینڈ پی گلوبل اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کی گئی معاشی پیشگوئیوں میں مجموعی طور پر ہم آہنگی پائی جاتی ہے، جو مستقبل کے معاشی رجحانات کے حوالے سے ایک متوازن تصویر پیش کرتی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی آئندہ دو برسوں کے لیے مہنگائی کی شرح 5 سے 7 فیصد کے درمیان رہنے کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔ مرکزی بینک کے مطابق رواں مالی سال کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 0 سے 1 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے، جبکہ معاشی شرح نمو 3.75 سے 4.75 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔