لاہور میں بسنت سے قبل تین روز کے دوران پتنگوں اور ڈور کی فروخت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں مجموعی طور پر 54 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی گڈیاں اور ڈور فروخت کی گئیں۔
کائٹ ایسوسی ایشن کے مطابق صرف منگل کے روز لاہور کی مختلف مارکیٹوں میں 5 لاکھ سے زائد پتنگیں فروخت ہوئیں، جس سے شہر میں بسنت کی سرگرمیوں میں نمایاں تیزی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ خریداروں کی بڑی تعداد نے پیشگی خریداری کی ہے، جس کے باعث مارکیٹوں میں خاصی گہما گہمی رہی۔
دوسری جانب پشاور کے قدیم یکہ توت بازار میں پتنگ سازی کا کام عروج پر ہے، جہاں درجنوں دکانیں اور ورکشاپس قائم ہیں۔ ان ورکشاپس میں زیادہ تر پنجاب سے تعلق رکھنے والے کاریگر دن رات گڈیاں اور پتنگیں تیار کرنے میں مصروف ہیں۔
کاریگروں کا کہنا ہے کہ وہ اپنی مہارت اور طویل تجربے کی بدولت معیاری، دیدہ زیب اور مناسب قیمت پر پتنگیں تیار کر رہے ہیں، جو بڑی تعداد میں لاہور سمیت دیگر شہروں کو فراہم کی جا رہی ہیں۔ دکانداروں کے مطابق پشاور کے مختلف علاقوں میں قائم پتنگ سازی کی ورکشاپس میں کام تیزی سے جاری ہے اور روزانہ ہزاروں کی تعداد میں گڈیاں اور پتنگیں تیار کی جا رہی ہیں تاکہ بڑھتی ہوئی طلب پوری کی جا سکے۔