اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ منگل کے روز اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کیے گئے باضابطہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان کے فیصلے کے مطابق جمعرات 5 فروری 2026 کو یومِ کشمیر کے موقع پر بینک دولتِ پاکستان بند رہے گا۔
اعلامیے کے مطابق اسٹیٹ بینک کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں بینکاری نظام بھی اس دن معطل رہے گا، جس کے باعث تمام معمول کے بینکاری لین دین اور مالی سرگرمیاں مؤخر ہو جائیں گی۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ تعطیل کے بعد بینکاری سرگرمیاں اگلے ورکنگ ڈے سے معمول کے مطابق دوبارہ شروع کر دی جائیں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے بھی یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر 5 فروری کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا تھا، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ اس تعطیل کا مقصد کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کرنا ہے۔
دوسری جانب حکومتِ پنجاب نے بھی 6 فروری کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ صوبائی حکومت کے مطابق یہ تعطیل بسنت کے موقع پر دی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اتوار کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ پنجاب کے عوام 5 فروری کو کشمیر ڈے اور اس کے بعد طویل ویک اینڈ سے لطف اندوز ہوں گے، کیونکہ 6 فروری کو بسنت کی تعطیل، 7 فروری کو ہفتہ اور 8 فروری کو اتوار ہوگا۔
اس سے قبل سندھ حکومت نے شبِ برات کے موقع پر صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں 4 فروری کو تعطیل کا اعلان کیا تھا، جس کا نوٹیفکیشن 30 جنوری کو جاری کیا گیا تھا۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ کے مطابق 15 شعبان 1447 ہجری بمطابق 4 فروری 2026 کو تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔