پاکستانی کرکٹ ٹیم کو روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں گزشتہ چار ماہ کے دوران چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس کے بعد شائقین کرکٹ میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے اور قومی کرکٹ نظام کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وائٹ بال فارمیٹ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف 16 میں سے 13 میچوں میں شکست برداشت کی ہے، جو ٹیم کی مجموعی حکمت عملی اور کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
بھارت نے ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں پاکستان کے خلاف مسلسل آٹھویں کامیابی حاصل کی۔ چیمپئنز ٹرافی فائنل کے بعد قومی ٹیم نے آخری بار روایتی حریف کو چار ستمبر 2022 کو دبئی میں شکست دی تھی، تاہم اس کے بعد سے دونوں ٹیموں کے کپتانوں کے درمیان دوبارہ مصافحہ دیکھنے کو نہیں ملا۔
اتوار کو کولمبو میں کھیلے گئے پاک بھارت میچ کا ایک اہم پہلو یہ تھا کہ پاکستان کے چار بولرز سلمان آغا، عثمان طارق، محمد نواز اور صائم ایوب نے 14 اوورز میں مجموعی طور پر 87 رنز دیے، جبکہ شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور شاداب خان نے صرف چھ اوورز میں 86 رنز دے ڈالے، جو میچ میں شکست کا نمایاں سبب بنے۔
فہیم اشرف کو کپتان کی جانب سے مسلسل تیسرے میچ میں بھی بولنگ کا موقع فراہم نہیں کیا گیا، جس پر ناقدین کی جانب سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ حالیہ برسوں میں بھارت کے خلاف وائٹ بال فارمیٹ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی اور مسلسل شکستوں نے پاکستان کے کرکٹ ڈھانچے اور انتخابی حکمت عملی پر تنقید میں اضافہ کر دیا ہے۔
سنہ 2017 میں اوول میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو شکست دینے کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل پر مشتمل وائٹ بال فارمیٹ کے 16 میچز کھیلے گئے، جن میں سے 13 میں بھارت کامیاب رہا، دو میں پاکستان نے فتح حاصل کی جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بھی بھارت کا پلڑا بھاری دکھائی دیتا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دونوں روایتی حریفوں کے درمیان اب تک مجموعی طور پر نو مقابلے ہو چکے ہیں، جن میں سے آٹھ میں بھارت نے کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان کو 2021 میں دبئی میں واحد فتح نصیب ہوئی۔
چار ستمبر 2022 کو ایشیا کپ کے دوران دبئی میں پاکستان نے آخری بار بھارت کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں چھ مرتبہ آمنے سامنے آئیں اور تمام میچ بھارت کے نام رہے۔
پاکستان کو اہم عالمی ایونٹس میں بھی ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ سنہ 2022 میں میلبرن میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ میں شکست ہوئی جبکہ جون 2024 میں نیویارک میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو چھ رنز سے ہرایا۔ امریکا میں ہونے والے اس مقابلے میں پاکستانی ٹیم 120 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی، جس سے بیٹنگ لائن کی کارکردگی پر بھی تنقید کی گئی۔