وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کہا ہے کہ سوات سے اسلام آباد سفر کے دوران انہوں نے راستے میں بچوں، خواتین اور مریضوں کو شدید مشکلات میں گھرا دیکھا جو سڑکوں کی بندش کے باعث سڑکوں پر پھنسے ہوئے تھے اور بے بسی کی حالت میں انتظار کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کو فوری طور پر مؤثر اقدام کرنا چاہیے کیونکہ عام شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق موٹروے کی بندش سے مسافروں کو غیر معمولی تکالیف برداشت کرنا پڑ رہی ہیں، متعدد افراد کی پروازیں مس ہو رہی ہیں جبکہ مریض بروقت اسپتال نہیں پہنچ پا رہے۔
امیر مقام کا کہنا تھا کہ آئی جی خیبرپختونخوا ایسے عناصر کے خلاف مقدمات درج کریں جو عوام کو مشکلات سے دوچار کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور اگر کسی قیدی کا معاملہ ہے تو اسے عدالتوں میں لڑا جائے، عام شہریوں کو کیوں سزا دی جا رہی ہے۔