بھارت کی ریاست کرناٹک کے پروفیسر کو بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی رہائی پر وزیراعظم عمران خان کی تعریف مہنگی پڑگئی جس پر انتہاپسند ہندوؤں کی طلبہ تنظیم کے غنڈوں نے استاد کو گھٹنوں پر بیٹھ کر معافی مانگنے پر مجبور کردیا۔
پروفیسر سندیپ نے سوشل میڈیا پر حالیہ صورت حال پر مودی سرکار کو تنقید کو نشانہ بنایا تھا اور پائلٹ ابھی نندن کی رہائی پر عمران خان کی تعریف کی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہندو انتہا پسند طلبہ تنظیم استاد کے اس رویے پر سیخ پا ہوگئی اور سیکڑوں انتہا پسند ہندوؤں نے وجے پور کے انجینئرنگ کالج کے پروفیسر سندیپ وتھار کو گھیرے میں لے لیا۔
انتہا پسند طلبہ تنظیم کے غنڈوں نے پروفیسر کو زبردستی گھٹنوں پر بیٹھ کر معافی مانگنے کا کہا جس پر پروفیسر ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتے رہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کالج انتظامیہ سے پروفیسر کو معطل کرنے کابھی کہا گیا ہے تاہم کالج انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام صورتحال کا جائزہ لے کر مناسب اقدام کیا جائے گا۔