دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 آج کراچی میں شروع ہوگی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی افتتاح کرینگے۔
تفصیلات کے مطابق دفاعی نمائش آئیڈیاز2018 کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں، نمائش آج سے شروع ہوگی اور 30نومبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری رہے گی۔
صدر مملکت عارف علوی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 کا افتتاح کریں گے، دفاعی نمائش میں 50 سے زائد ممالک کے 262 سے زائد وفود شرکت کررہےہیں۔
اس بار نمائش میں اسٹالز لگانے والوں کی تعداد ماضی کی آئیڈیاز سے زیادہ ہوگی، دفاعی نمائش میں 522 سے زائد کمپنیاں نمائش میں اپنی مصنوعات کو نمایاں کریں گی۔
جن کا تعلق دنیا کے 52 ملکوں سے ہے، 321 غیر ملکی کمپنیاں اور 201 پاکستانی کمپنیاں شامل ہیں، دفاع نمائش میں شرکت کرنے والے ممالک میں امریکہ، اٹلی، جرمنی ، اردن، پولینڈ، روس، جنوبی کوریا، یوکرائن، عرب امارات اور دیگر شامل ہیں۔
دوسری جانب دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 کے لئے ٹریفک پولیس نے متبادل راستوں کا اعلان کردیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ شہری کسی پریشانی سے بچنے کے لیے متبادل راستہ اختیار کریں۔