صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ ہمارے ہتھیار دفاع کیلئے ہیں اور اپنے ملک کے دفاع کے لئے ہم ہر قدم اٹھائیں گے۔ پاک فوج دہشت گردی کے خلاف دنیا کی تجربہ کار ترین فورس ہے.
تفصیلات کے مطابق کراچی میں منعقدہ چار روز بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کے خلاف دنیا کی تجربہ کار ترین فورس ہے، جو دہشتگردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔
اپنے افتتاحی خطاب میں صدر مملکت نے بھارت پر واضح کیا کہ پاکستان نے کرتارپور بارڈر کھولنے کا بڑا فیصلہ کیا جبکہ بھارت روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہا ہے، اب بھارت کو مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا۔
انہوں نے کہا بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں کے حقوق نہیں دبا سکتا، ہماری امن کی کوششوں کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، خطے کی ترقی علاقائی امن وامان سے وابستہ ہے۔
صدر مملکت عارف علوی کا کہنا تھا کہ پوری دنیا گھوم کر دیکھی، پاکستان سے خوبصورت ملک کوئی نہیں، ہمیں اپنے جے ایف تھنڈر، مشاق طیاروں اور دیگر دفاعی آلات کی تیاری پر فخر ہے، اورپاکستان دفاعی لحاظ سے خود انحصاری کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا پاکستان کی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، افغان جنگ کے 32 لاکھ متاثرین کو پاکستان میں پناہ دی، ایشوز کو حل کرنا ہوگا، جنگ مسائل کا حل نہیں۔
صدر مملکت کے خطاب کے ساتھ ہی دفاعی نمائش کا آغاز ہوگیا ہے، دفاعی نمائش میں 50 سے زائد ممالک کے 262 سے زائد وفود شرکت کررہےہیں۔
اس بار نمائش میں اسٹالز لگانے والوں کی تعداد ماضی کی آئیڈیاز سے زیادہ ہوگی، دفاعی نمائش میں 522 سے زائد کمپنیاں نمائش میں اپنی مصنوعات کو نمایاں کریں گی۔