وزیراعظم عمران خان نے ناراض اتحادی اور بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل کو ملاقات کے لیے بلا لیا۔
ذرائع کے مطابق بی این پی مینگل کے سربراہ اختر مینگل اور جہانزیب جمالدینی آج شام وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے جس کے دوران بلوچستان نیشنل پارٹی کے 6 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر گفتگو ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم لاپتہ افراد سے متعلق اقدامات پر اختر مینگل کو اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اختر مینگل کو قومی اسمبلی میں حکومتی بینچوں پر بیٹھنے کے لیے آمادہ کریں گے اور بلوچستان سے سینیٹ نشست پر ہونے والے اختلافات بھی زیر بحث آئیں گے۔
یاد رہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کی قومی اسمبلی میں 4 نشستیں ہیں اور 2018 کے انتخابات کے بعد اس نے حکومت میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔