لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے گندم کی فصل کو شدید نقصان کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بارش کے تھمنے اور کسانوں کی فلاح کی دعائیں کریں۔
اطلاعات کے مطابق لاہور موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا۔ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ شہر میں 44 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔
لیسکو کے فیڈر ٹرپ ہونے سے شہر کا بڑا علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا۔ لاہور میں گزشتہ شب شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔
دن بھر شہر کی فضائیں سرمئی بادلوں کے گھیرے میں رہیں۔ سہہ پہر کے وقت بادل اچانک گرج چمک کے ساتھ موسلادھار برسنے لگے جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔
لاہور میں رات آٹھ بجے تک 44 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ خراب موسم کے باعث لیسکو کے 160 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔
موسم کی صورت حال کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید نے واسا عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب شیخوپورہ، ساہیوال، قصور، ملتان اور گجرات سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بادل کھل کر برسے۔
چونیاں میں کھڈیاں بائی پاس کے قریب خستہ مکان کی چھت گرنے سے 45 سالہ خاتون رشیدہ بی بی اور اس کی 19 سالہ بیٹی سمیرا زخمی ہو گئیں۔ ریسکیو حکام نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے کئی شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں سے گندم کی فصل کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ بھی پیدا ہوگیا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بارش کے تھمنے اور کسانوں کی فلاح کیلئے دعائیں کریں۔