بھارت پر حکمرانی کون کرے گا مودی یا راہول ، فیصلے کی گھڑی کا تیسرا مرحلہ منگل کو شروع ہورہا ہے ۔ بھارت کی 14 ریاستوں کی 115 نشستوں کے لیے عوام اپنی حق رائے رہی استعمال کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں عام انتخاب سات مرحلوں میں ہو رہے ہیں جس میں سے دو مرحلوں کے انتخابات ہونے کے بعد تیسرے مرحلے کا آغاز کل سے ہو رہا ہے۔ تیسرے اور اہم مرحلے کے لیے عوام کی توجہ اپنی جانب کرانے کے لیے کانگریس، بھارتیا جنتا پارٹی اور دیگر جماعتیں اپنی اپنی کوششوں میں مصروف ہیں۔
بھارتی الیکشن کمیشن کے مطابق تیسرے مرحلے میں 14 ریاستو ں کی 115 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی۔ گجرات کی 26، کیرالا کی 20، کرناٹک اور مہاراشٹرا کی 14، 14 نشستوں پر انتخاب ہوگا۔اترپردیش کی 10 ، چھتیس گڑھ کی 7، اڑیسہ کی 6 اور بہار اورمغربی بنگال کی 5، 5 نشستوں کے لیے امیدوار مقابلے میں ہوں گے جبکہ ریاست آسام کی 4، گوا کی 2 اور مقبوضہ کشمیر، دادر، نگری حویلی، دامن اور ڈیو کی ایک ایک نشست پر پولنگ ہوگی ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عام انتخابات میں 534 نشستوں پر مقابلہ ہوگا، جہاں 90 کروڑ افراد ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں جو 7 مرحلوں میں رائے شماری میں حصہ لیں گے۔ اپریل اور مئی کے چھ ہفتوں تک بھارتی عوام اسی کوشش میں لگے رہیں گے اور اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ اگلا حکمران کون ہوگا۔
بھارت میں عام انتخابات کے تیسرے مرحلے کے اختتام کے بعد چوتھا مرحلہ 29 اپریل سے شروع ہوگا جس میں 9 ریاستوں کی 71 نشستوں پر مقابلہ ہونے جارہا ہے ۔ واضح رہے کہ بھارتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 11 اپریل کو جبکہ دوسرا 18 اپریل کو شروع ہوا تھا۔ بھارت میں عام انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان 23 مئی کو کیا جائے گا۔