سندھ حکومت اور کوریا کی کمپنی ڈائیوو کے درمیان کراچی ٹرانسپورٹ پر معاہدہ طے پا گیا ہے۔
سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی شہر کے مختلف روٹس پر ایک ہزار بسیں چلائی جائیں گی، اس حوالے سے سندھ حکومت اور کوریا کی ڈائیوو نے معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں، معاہدے کے تحت پہلے مرحلے میں 60 روز میں 60 بسیں کراچی میں لائی جائیں گی، دوسرے مرحلے میں 2 ماہ بعد 200 بسیں سڑکوں پر آجائیں گی۔
سید اویس قادرشاہ نے مزید کہا ہے کہ نئی بس سروس کراچی کے 40 مختلف روٹس پر چلیں گی، 10 سے 15 کلو میٹر کے روٹ طے کئے جائیں گے، بہت جلد سندھ کے دیگر شہروں میں بھی بسوں کا تحفہ دیں گے، کراچی کو نظر انداز کرنے کے تاثر کو غلط ثابت کر دکھایا۔ کہا جاتا تھا کہ پیپلزپارٹی کراچی سے کامیاب نہیں ہوتی اس لیے اس کو سزا دی جا رہی ہے، یہ ہم سب کے لئے بڑی خوشخبری ہے۔
گرین لائن بس منصوبے سے متعلق اویس قادر شاہ نے کہا کہ گرین لائن بس سروس منصوبہ 2020 تک مکمل ہوتے ہوئے نہیں دیکھ رہا، سندھ حکومت گرین لائن کے لئے دوسری بس سروسز بند نہیں کرے گی، پیپلزپارٹی آئے گی تو روزگار لائے گی،حکومت نے ٹرانسپورٹرز سمیت تمام لوگوں کو اعتماد میں لیا ہے، یہ منصوبہ کسی کو متاثر نہیں کرے گا، تمام نئی بسیں سی این جی پر چلائی جائیں گی، سی این جی بند بھی ہوگی تو یہ سروس بند نہیں ہوگی۔
دوسری جانب ڈائیوو بس سروس کے چیئرمین شہریار احمد چشتی کہا کہ کراچی کے لیے بہترین بزنس ماڈل بنایا ہے، بہت جلد نئی بسیں کراچی کی سڑکوں پر چلیں گی، کراچی والوں کے لیے 1000 بسیں متعارف کروائی جائیں گی، یہ سلسلہ اب چلتا رہے گا، تمام بسیں ایئر کنڈیشن ہوں گیں جو کراچی کے عوام کے لیے ایک بڑا تحفہ ہے۔