امن فاؤنڈیشن نے پاکستان میں اپنےتمام آپریشنز حکومت کے حوالے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اب سندھ حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت امن ہیلتھ کیئر کو فنڈز فراہم کرے گی، حکومت سندھ این جی او کے توسط سے امن ایمبولنس سروس کے اخراجات برداشت کرے گی۔
ترجمان امن فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پیشنٹ ایڈ نامی فاؤنڈیشن، امن ایمبولینس سروس کے آپریشنز چلائے گی اور معاہدے کے تحت کراچی میں امن فاؤنڈیشن کی 60 ایمبولنس اب سندھ حکومت چلائے گی۔
ترجمان کے مطابق سروس کا نام تبدیل کر کے سندھ ایمرجنسی میڈیکل سروس رکھ دیا جائے گا۔
امن فاؤنڈیشن کے مطابق مالی مشکلات کے باعث جاری منصوبوں پر مزید فنڈنگ ممکن نہیں۔
امن فاؤنڈیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ دس سالوں میں صرف ہیلتھ پر 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔ تمام منصوبوں کی سب سے بڑی اسٹیک ہولڈر حکومت ہوگی۔
واضح رہے کہ امن فاؤنڈیشن ایک فلاحی ادارہ ہے جو شہر قائد میں عوام کو طبی اور تربیتی سہولیات فراہم کررہا ہے۔
عوام کی خدمت کے جذبے سرشار امن فاؤنڈیشن 2007 میں امن گھر کا قیام عمل میں لایا اور مستحق افراد کو کھانا تقسیم کرنے کا کام شروع کیا تھا۔
پاکستان امن فاؤنڈیشن کے بانی عارف نقوی اور چیئرپرسن فائزہ نقوی کو خواتین اور بچوں کی صحت سے متعلق عالمی ہیومینیٹرین ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔