پشاور ہائیکورٹ نے گوجرانوالہ سے رکن قومی اسمبلی بلال اعجاز کی 21دن کی راہداری ضمانت منظور کر لی۔ راہداری کے نام پر 3 ہفتے کی ضمانت اپنی جگہ سوالیہ نشان ہے۔
پشاور ہائیکورٹ کے ہی حکم پر محکمہ داخلہ نے پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی کا نام ای سی ایل سے نکال دیا۔
بانی پی ٹی آئی نے 9 مئی کے 12 مقدمات میں لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے اپنا جسمانی ریمانڈ کالعدم قرار دینے کے بعد آج ان تمام مقدمات میں انسداد دہشت گردی عدالت سے رجوع کر لیا، ضمانت کی درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ ملزم سے کوئی ریکوری نہیں ہونی اور تمام کیسز انتقامی کارروائی ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے بھائی کو 2 روز میں بازیاب کروانے کا حکم دے دیا۔ پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں احتجاج کی اجازت نہ دینے پر جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے پی ٹی آئی کی توہین عدالت کی درخواست پر اعتراضات دور کرکے آج سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر ، ڈپٹی کمشنر اور آئی جی کو نوٹسز جاری کردیئے۔
عوامی ہمدردی حاصل کرنے کیلئے پی ٹی آئی انتقامی کارروائیوں کا ڈھنڈورا پیٹتی ہے لیکن زمینی حقائق یہ ہیں کہ عدالتوں کی طرف سے انہیں ترجیحی بنیادوں پر جوڈیشل ایکٹو ازم کے تحت ریلیف دلوایا جاتا ہے، حتیٰ کے تفتیشی اداروں کو انکوائری اور ریکوری کیلئے جسمانی ریمانڈ تک نہیں لینے دیا جاتا، عدالتوں میں لاکھوں کیسز برسوں سے پینڈنگ پڑے ہیں لیکن پی ٹی آئی والوں کی درخواستوں پر چٹ منگنی پٹ بیاہ کے انداز میں ریلیف کی بارش جاری ہے۔