بالی وڈ اداکار نصیر الدین شاہ نے نام نہاد سیکولرازم کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ انہوں نے کہا بھارت میں مذہب کی بنیاد پر معصوموں کا قتل عام ہو رہا ہے، ادیب، فنکار اور صحافیوں کا جینا حرام کر رکھا ہے، کیا ایسے بھارت کا خواب دیکھا تھا۔
بالی وڈ اداکار نصیر الدین شاہ بھارت میں انتہا پسندی کے بڑھتے واقعات پر پھٹ پڑے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ایک ویڈیو میں اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا بھارت میں مذہب کی بنیاد پر نفرت کا بازار گرم ہے، ادیبوں، فنکاروں اور صحافیوں کو طاقت کے استعمال سے چپ کرایا جا رہا ہے۔ نصیر الدین شاہ نے استفسار کیا کیا ہم نے ایسے ملک کا خواب دیکھا تھا جہاں اختلاف کی گنجائش نہ ہو۔
دسمبر میں اپنے ایک بیان میں اداکار کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بچوں کی حفاظت اور مستقبل کے لیے فکرمند ہیں، جہاں گائے کو ذبح کیے جانے کو پولیس اہلکار کے قتل سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔ اس بیان کی وجہ سے نصیر الدین شاہ کو انتہا پسند ہندوؤں کے غم و غصے کا سامنا کرنا پڑا۔