بالی ووڈ کے پرفیکشنسٹ عامر خان نے فلم ’سارے جہاں سے اچھا‘ میں کام نہ کرنے کی وجہ بتا دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان نے ایک چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں بتایا کہ فلم ’سارے جہاں سے اچھا ‘ نہ کرنے کی وجہ میرا مصروف ترین شیڈول تھا لیکن اس کے باوجود میں نے فلم کا اسکرپٹ پڑھا تھا جوکہ بہت ہی اچھا تھا۔
عامر خان نے کہا کہ مصروفیات کے باعث فلم کرنے کے لیے میں نے شاہ رخ سے رابطہ کیا اور انہیں فلم کا اسکرپٹ پڑھنے کی گزارش کی جس کے بعد شاہ رخ خان نے اسکرپٹ پڑھنے کے بعد مثبت رد عمل دیتے ہوئے فلم کرنے پر رضا مندی ظاہر کی لیکن مجھے آج بھی افسوس ہے کہ فلم کی آفر ہونے کے بعد میں نے یہ فلم کرنے سے انکار کیا۔
عامر خان نے مزید کہا کہ انکار کے باوجود مجھے زیادہ خوشی ہے کہ میری جگہ شاہ رخ خان خلا باز راکیش شرما کی زندگی پر مبنی فلم ’ سارے جہاں سے اچھا ‘ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ مہیش متھائی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم کا نام ’سلوٹ‘ سے تبدیل کرکے ’سارے جہاں سے اچھا ‘ کردیا گیا تھا جس کی شوٹنگ اگلے سال جنوری میں شروع ہوجائے گی۔