کلفٹن ساحل سمندر پر کارٹ گاڑی کی ٹکر سے 10 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا جب کہ واقعہ کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔
کراچی میں ساحل سمندر پر چلنے والی گاڑی کی ٹکر سے 10 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔ بچے کی شناخت فرحان کے نام سے ہوئی ہے، جاں بحق ہونے والا فرحان نیو کراچی گودھرا کیمپ گجراتی محلہ کا رہائشی تھا اور اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ساحل سمندر پر سیروتفریح کے لیے آیاہواتھا۔ فرحان حافظ قرآن اور بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا متوفی کی لاش جناح اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد سے مفرور ڈرائیور کی تفصیلات لی جارہی ہیں اور وہ جن افراد کی نشاندہی کر رہے ہیں اس کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب ایس پی کلفٹن سوہائے عزیز کی جانب سے سی ویو پر گو کارٹ گاڑی چلانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے جس کے بعد غروب آفتاب کے بعد گوکارٹ گاڑی چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ایس پی سوہائے عزیز کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کی فٹنس اور رجسٹریشن سے متعلق معلومات حاصل کی جارہی ہیں، کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن اور گوکارٹ سروس کا معاہدہ چیک کیا جائے گا جب کہ گوکارٹ چلانے والے تمام ڈرائیوروں کے پاس پکا لائسنس ہونا ضروری ہے۔