بنگلا دیش نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
کرکٹ ورلڈ کپ کے 23ویں میچ میں بنگلا دیش نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں ٹیموں نے اب تک ایونٹ میں 4،4 میچز کھیلے ہیں جس میں دونوں ٹیموں کو 2،2 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، ایک میچ میں کامیابی حاصل کی اور ایک میچ بارش کی نظر ہوگیا تھا۔
ویسٹ انڈیز نے پہلے میچ میں پاکستان کو شکست دی تھی جب کہ دوسرے میچ میں آسٹریلیا سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تیسرا میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا جب کہ چوتھے میچ میں انگلینڈ نے 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
بنگلا دیش نے پہلے میچ میں جنوبی افریقا کو شکست دی، دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ اور تیسرے میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ چوتھا میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا۔