چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات میں پیشرفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیب افسران بغیر کسی دباؤ کے آزادانہ طور پر کام کریں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے آج نیب راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی نے چیئرمین نیب کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں ہونے والی پیشرفت سے متعلق بریفنگ دی۔
عرفان منگی نے چیئرمین نیب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیب راولپنڈی نے اب تک بدعنوان عناصر سےتیرہ ارب روپے سے زائد کی رقم برآمد کی ہے جبکہ اس کیس میں انتالیس افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
چیئرمین نیب کو بریفنگ میں ڈی جی نیب راولپنڈی نے بتایا کہ جعلی بینک اکاؤنٹس اسکینڈل میں اکیس انکوائریاں اور بارہ انویسٹیگیشنز جاری ہے، کیس سے متعلق اکتالیس ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل کروائے جبکہ اکیاون بلین سے زائد کے اثاثے منجمد کئے۔
اس موقع پر چئیرمین نیب نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات میں پیشرفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے،ادارے نے احتساب سب کیلئے کی پالیسی کو اپناتے ہوئے بدعنوان عناصر سے لوٹی ہوئی رقم برآمد کی ہے