ایچ بی ایل پی ایس ایل 5 کیلئے غیرملکی نامور کھلاڑی پاکستان آنے کو تیار ہیں۔ آسٹریلیا کے شین واٹسن، نیوزی لینڈ کے مچل میکلنگن اور ویسٹ انڈیز کے نکولس پوران نے پلاٹینم کٹیگری کیلئے رجسٹریشن کروالی ہے۔ پی ایس ایل 5 کیلئے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 6 دسمبر کو ہوگی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے ڈرافٹ سے قبل پلاٹینم کٹیگری میں رجسٹریشن کروانے والے آسٹریلوی کرکٹر شین واٹسن کی ایک بار پھر پاکستان آمد کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ شین واٹسن کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے نکولس پوران اور نیوزی لینڈ کے مچل میکلنگن بھی پلاٹینم کٹیگری کا حصہ بن کر ڈرافٹ میں شامل ہوچکے ہیں۔
نیوزی لینڈ کےمچل میکلنگن اس سے قبل لاہور قلندرز اور نکولس پوران ملتان سلطانز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے مچل میکلنگن نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں 4 میچز کھیلے تھے جبکہ نکولس پوران گذشتہ ایڈیشن میں ملتان سلطانز کے اسکواڈ کا حصہ تھے۔انگلینڈ کے فاسٹ بولر اسٹیفن فن نے بھی ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کی گولڈ کٹیگری کے لیے رجسٹریشن مکمل کرلی ہے۔
اسٹیفن فن سال 2017 اور 2018 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ آل راونڈر شین واٹسن گذشتہ ایڈیشن میں ایونٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔ شین واٹس کی ایونٹ میں شاندار کارکردگی کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلی بار ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔ پانچ کٹیگریز پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈ، سلور اور ایمرجنگ کے ہر اسکواڈ میں کم از کم 16 اور زیادہ سے زیادہ 18 کھلاڑی شامل ہوں گے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 6 دسمبر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوگیا۔